کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 6ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس حکام کیمطابق جناح ہسپتال کے قریب واقع بزٹہ لائن میں ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک شخص لقمہ اجل بنا۔ جس کی شناخت پچیس سالہ کاشف کے نام سے ہوئی۔ اورنگی ٹاون ایک نمبر میں مسلح افراد نے دوکان پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں بائیس سالہ نعیم جاں بحق ہوگیا۔ گلستان جوہر تھانے کی حدود پہلوان گوٹھ میں ڈاکوں نے گاڑی چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی۔ جس کے باعث اٹھارہ سالہ نثار زخمی ہوگیا۔ جسے طبی امداد کے لیئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

دوسری جانب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے6ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کیمطابق زیرحراست ملزمان میں سے بعض کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ جن کے قبضے سے مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ تمام کاروائیوں کے دوران حراست میں لئے گئے ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔