صدارتی الیکشن : پنجاب اسمبلی کے 352 اراکین ووٹ ڈال سکیں گے

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور (جیوڈیسک)30 جولائی کو صدارتی الیکشن کے لیے پنجاب اسمبلی پولنگ اسٹیشن کے طور پر کام کرے گی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال پریذائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔ صدارتی الیکشن کے لیے پنجاب اسمبلی میں پولنگ 30 جو لائی کو صبح دس بجے سے سہ پہر تین بجے تک ہو گی۔ پنجاب اسمبلی کے قائم مقام سیکریٹری رائے ممتاز حسین بابر نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے 371 میں سے 352 اراکین ووٹ ڈال سکیں گے۔

رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ ، صوبائی الیکشن کمشنر،جوائنٹ الیکشن کمشنر اور سیکریٹری پنجاب اسمبلی پولنگ افسران کے طور فرائض انجام دیں گے۔پنجاب اسمبلی کے اراکین حروف تہجی کے اعتبار سے دو بیلٹ باکسوں میں ووٹ ڈالیں گے امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹ بھی مقرر کرسکیں گے، صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے بتایا کہ گنتی کے بعد امیدواروں کے ووٹوں کی تعداد پولنگ ایجنٹوں کو بتا دی جائے گی تاہم رزلٹ ریٹرننگ آفیسر چیف الیکشن کمشنر کو بھیجا جائے گا ،مجموعی حتمی نتائج کا اعلان وہی کریں گے۔