صدر ایردوان کے اسلامی ممالک کے رہنماوں سے آج بھی ٹیلی فونک رابطہ جاری

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے ملائیشین شاہ سلطان عبد اللہ ریاض الدین المصطفی بلہ شاہ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمید آل ثانی سے فون پر گفتگو کی ہے۔

ایوان صدر کے اطلاعاتی آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملائشیا کے شاہ سے بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس بات چیت کے دوران ، صدر ایردوان نے کہا کہ اسرائیل کے مسجد اقصیٰ پر حملے اور فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف ہمیں یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترکی اور ملائشیا تمام متعلقہ پلیٹ فارمز خصوصا اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر تعاون کریں گے۔

صدر ایردوان کی قطر امیر الثانی سے ٹیلی فونک رابطے میں ، مسجد اقصی اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایردوان نے زور دے کر کہا کہ القدس ، مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف علاقائی ممالک اور بین الاقوامی رائے عامہ کو متحرک کرنے کے لئے ترکی اور قطر کو مل کر کام کرنے کی ضروت ہے۔

صدر ایردوان نے گذشتہ روز اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور کویت کے امیر ، نواف الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ الگ الگ فون کال کی ، اور دونوں رہنماوں کے ساتھ مذاکرات میں مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔