صدر سے وزیراعظم کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

Mamnoon Hussain, Nawaz Sharif

Mamnoon Hussain, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین سے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملاقات کی ہے جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری کے امور پر مشاورت کی گئی ہے، ان اہم تقرریوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

صدر ممنون حسین سے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماوں نے ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلی سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر ممنوں حسین آج رات اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں اس لیے وزیر اعظم میاں نواز شریف ان سے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری پر دستخط چاہتے ہیں تاکہ ان اعلی سطح کی تعیناتیوں کا اعلان جلد کیا جا سکے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ جنرل خالد شمیم وائیں کی ریٹائرمنٹ کے بعد 7 اکتوبر سے خالی ہو چکا ہے جبکہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی 29 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ چیئرمین جے سی ایس سی اور آرمی چیف کی تقرری اگرچہ وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے تاہم سمری پر رسمی منظوری صدر نے دینا ہوتی ہے، اس کے بعد سیکرٹری دفاع نوٹی فی کیشنز جاری کرتے ہیں۔

ماضی میں بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف 1999 میں پرویز مشرف کو بطور آرمی چیف ریٹائرڈ کرنے اور لیفٹیننٹ جنرل ضیا الدین بٹ کو نیا آرمی چیف تعینات کرنے کی سمری پر دستخط کرانے کیلئے صدر مملکت کے پاس گئے تھے تاہم ان مراحل کے مکمل ہونے سے پہلے ہی پرویز مشرف نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا۔