زرداری پہلے صدر ہیں جو باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری پہلے منتخب صدر ہیں جو باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں، زرادری صاحب کی خوشدلی سے 73 کے آئین کی بحالی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج میرا دل رسمی، روایتی باتوں کی طرف مائل نہیں، میرے دل میں ماضی کی باتیں تازہ ہورہی ہیں، کچھ یادیں شیریں اور کچھ یادیں تلخ ہیں۔

وہ دن کبھی نہیں بھولوں گا جب بینظیر بھٹو اور زرداری ملنے آئے، جدہ میں ہوئی اس ملاقات میں زرداری صاحب نے خصوصی دلچسپی لی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کا دن نہیں بھولتا، زرادری صاحب اور بینظیر نے سیاسی رابطوں میں پہل کی، آج ایک نئی روشن تاریخ رقم ہورہی ہے۔

صدر زرداری پہلے صدر ہیں جو باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ صدر مملکت نے ہر قسم کی غیر آئینی تبدیلی کی مخالفت کرکے آئینی کلچر کی بنیاد رکھی۔

زرادری صاحب کی خوشدلی سے 73 کے آئین کی بحالی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، جمہوریت کا استحکام ہمارا قومی ایجنڈا ہے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ نو منتخب صدر ممنون حسین کو ویلکم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اسی روایت کو بڑھائیں گے۔