ماضی میں پورے جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا، عثمان بزدار

 Usman Buzdar

Usman Buzdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں تونسہ ہی نہیں پورے جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا لیکن پسماندہ علاقوں میں اب ڈیم، اسپتال اور اسکول بھی بنیں گے۔

لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تونسہ میں معززین علاقہ، عمائدین ،پارٹی کارکنوں اور عوام نے ملاقات کی، اس موقع پر علاقے میں ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ میرا دل تونسہ اور تمام پسماندہ شہروں کے ساتھ ہے، لاہور میں غریب عوام کا وکیل ہوں، ماضی میں تونسہ ہی نہیں پورے جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا، پسماندہ علاقوں میں اب ڈیم، اسپتال اور اسکول بھی بنیں گے، انہوں نے جتنے منصوبوں کا اعلان کیا وہ تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے کسی سے زیادتی نہیں کی اور نہ ہونے دیں گے، اگر کسی سے زیادتی ہوئی تو میں حساب دینے کو تیار ہوں، پنجاب میں پہلی دفعہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے منصفانہ طریقے سے ترقیاتی فنڈز دیئے جا رہے ہیں، پنجاب میں 16 نئی سیمنٹ فیکٹریاں بنیں گی، 3 ڈی خان میں ہوں گی، جون تک ایک میگا ڈیم کی تعمیر پر کام شروع ہو جائے گا، کوہ سلیمان میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن بنایا جائے گا،چوکی والا تا بلوچستان سڑک بننے سے 120 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوگا۔