وزیراعظم کی ایڈوائس پر 4 ڈپٹی اٹارنی جنرلز سبکدوش، نئی تعیناتیوں کی منظوری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر 4 ڈپٹی اٹارنی جنرلز کو سبکدوش کر کے نئی تعیناتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احتساب عدالت ون راولپنڈی شاہد نصیر کو احتساب عدالت 3 لاہور میں جج تعینات کر دیا گیا ہے۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت 3 لاہور میں جج کی 20 اکتوبر 2012 سے خالی ہونے والی آسامی پر شاہد نصیر کو تعینات کرنے کی منظوری دی۔ انہیں ڈیپوٹیشن پر 31 اکتوبر 2015 کو ان کی ریٹائرمنٹ تک تعینات کیا گیا ہے۔

شاہ خاور ایڈووکیٹ کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل اسلام آباد جبکہ 6 وکلا کو ڈپٹی اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ نوید خلیل چوہدری کو ڈپٹی اٹارنی جنرل بہاول پور، ثنا اللہ زاہد کو ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ، محمد زاہد خان کو ڈپٹی اٹارنی جنرل کراچی، ساجد الیاس بھٹی ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد، مرزا وقاص روف ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد اور سہیل محمود کو ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے۔