وزیر اعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ پشاور کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ، آپریشن پر بریفنگ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

پشاور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ پشاور کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نواز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ پشاور کور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے ان کا استقبال کیا اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے تمام امور اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی جب کہ آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے قبائلی علاقوں کے متاثرین کی مدد اور بحالی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اتوار سے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور 5 روز کے دوران پاک فوج نے شمالی وزیرستان کا نہ صرف 40 فیصد سے زائد علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے خالی کرالیا بلکہ اس دوران سیکڑوں شدت پسند ہلاک اوران کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔