وزیراعظم کا تو اپنا جغرافیہ ٹھیک نہیں، بلاول کی اردو کا مذاق بنانے پر حیرت ہے، سعید غنی

 Saeed Ghani

Saeed Ghani

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کاکہنا ہے کہ وزیراعظم کا تو اپنا جغرافیہ ٹھیک نہیں، بلاول کی اُردو کا مذاق بنانے پر حیرت ہے۔

سعید غنی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ عمران خان صاحب آج کل بہت پریشان ہیں ، بوکھلاہٹ سے بھی آگے بڑھ گئے ہیں ، پاگل پن کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بہت سے ارکان کی اکثریت ان کے ساتھ نہیں ۔

اس کے علاوہ سعید غنی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رضا کاروں کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جوش خطابت میں ایک بار پھر زبان پھسل گئی تھی ۔

اسلام آباد میں عوامی مارچ سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں جیالوں سے خطاب کے دوران بلاول جوش خطابت میں ٹانگیں کو ’کانپیں ‘اور کانپ کو ’ٹانگ‘ کہہ گئے تھے۔