وزیر اعظم کی مذاکراتی کمیٹی کو طالبان سے جلد مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت

Nawaz Sharif Meeting

Nawaz Sharif Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے ارکان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے چار رکنی ٹیم کو طالبان سے مذاکرات کیلئے گائیڈ لائن دی۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ بات چیت سے امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف سے طالبان سے مذاکرات کرنے والی چار رکنی کمیٹی کی پہلی ملاقات ہوئی۔ طالبان سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کا یہ پہلا اجلاس ہے۔

نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی کے لائحہ عمل اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کے لئے باضابطہ طور پر حکمت عملی تیار کی گئی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کمیٹی کو طالبان سے مذاکرات کیلئے گائیڈ لائن دے دی۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے مذاکراتی کمیٹی کو بریفنگ دی اور اراکین کو حکومتی سطح پر کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

طالبان سے رابطوں مشاورت، مذاکرات کے طریقہ کار، مذاکراتی کمیٹی کے اسکوپ، مینڈیٹ پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ طالبان کے جو گروپ بات چیت کرنے چاہتے ہیں، ان سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔