وزیراعظم نے 10 کروڑ غریبوں کیلئے ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری دیدی

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے ملک کے 10 کروڑ غریب ترین افرادکے لئے مرحلہ وارنیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحق ڈار، وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز، وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑاور وزارت صحت اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام معاشرے کے معاشی طورپر پسماندہ لوگوں کو صحت کے تحفظ کی فراہمی کا واحد راستہ ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم ہے جس نے شکایات کے حل پر مبنی نظام کے ساتھ غریب ترین افراد کے لیے سماجی تحفظ کا نظام متعارف کرایا ہے۔

اس پروگرام کے نتیجے میں محروم معیشت طبقے کونہ صرف بلامعاوضہ صحت کی سہولتیں تک رسائی حاصل ہوگی بلکہ جدید ہیلتھ انفرااسٹرکچر کوترقی دینے میںبھی مددملے گی۔

یہ اسکیم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے گی اوراس سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس موقع پر مریم نواز نے بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا کہ یہ اسکیم سادہ خطوط پر استوار کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لاگت کی بچت یقینی بنائی جاسکے۔

اسکیم کے تحت ملک کے غریب لوگوں کو دل سے متعلق امراض، ذیابیطس، ہیپاٹائٹس، اعضا کا فیل ہو جانا اور کینسر جیسے بڑے امراض کے مفت علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سعودی عرب کے سبکدوش سفیرڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر سے ملاقات میںنواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین شاہ عبداﷲ کی صحت اوردرازی عمراور سعودی عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر کی خدمات کے اعتراف میں وزیراعظم نے صدر مملکت کو انھیں قائداعظم میڈل عطا کرنے کی بھی سفارش کی۔

کینیڈاکے ہائی کمشنر گریک گیوکاس سے گفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاردوست پالیسیاں وضع کی ہیںاور وہ مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔