وزیر اعظم کی وزیرداخلہ کو آل پارٹیز کانفرنس نتیجہ خیز بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

Prime Minister

Prime Minister

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی طے کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کو تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون سے نتیجہ خیز بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق سیاسی رہنماوں سے کیے گئے رابطوں اور بات چیت پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو ہدایت کی کہ اے پی سی کو تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون سے نتیجہ خیز بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی میں امن کے لیے انٹلیجنس قانون نافذ کرنے و الے اداروں کے درمیان جوائنٹ میکنزم فوری طور پر بنایا جائے۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت کی تمام ضروریات پوری کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں ہر صورت امن قائم کرنا ہے۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں دہشت گردی کی روک تھام اور امن کے قیام کے لیے اقدامات کو مزید سخت کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔