وزیر اعظم کا قومی پولیو ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ

Prime Minister

Prime Minister

اسلام آباد (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اور فاٹا میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث وزیر اعظم قومی پولیو ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ، اجلاس میں پولیو ٹیموں پر حملے رکوانے پر بھی غور کیا جائے گا۔ پولیو ٹاسک فورس کی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے، چاروں صوبائی وزرائے اعلی، گورنر اور خیبر پختونخوا اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آرمی چیف کے نمائندے اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو بھی اجلاس میں بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس فاٹا کے شورش زدہ علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی سے متعلق اہم فیصلے کرے گی۔ پولیو ٹیموں پر حملے رکوانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں گزشتہ دو سال سے پولیو ٹیموں کی رسائی نہیں۔

فاٹا کے شورش ذدہ علاقوں میں اڑھائی لاکھ بچے دو سال سے پولیو ویکسین سے محروم ہیں۔ رواں سال 27 پولیو کیسز میں سے 17 فاٹا اور 5 خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔ سندھ سے تین، پنجاب سے دو پولیو کیسز سامنے آئے جبکہ بلوچستان رواں سال پولیو سے محفوظ ہے۔ پولیو سیل کے مطابق رواں سال پولیو ٹیموں پر 23 قاتلانہ حملے بھی ہو چکے ہیں۔