وزیر اعظم سے افغان قومی سلامتی کے مشیر کی ملاقات

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے مشیرافغان قومی سلامتی ڈاکٹر رنگین داد فر سپانتا نے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈاکٹر رنگین دادفر سپانتا نے وزیراعظم نواز شریف کو افغان صدر کا خط پہنچایا، ملاقات میں پاک افغان دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات بھی ہوئے ہیں، مذاکرات میں سرتاج عزیز اور سیکریٹری خارجہ نے بھی شرکت کی، پاک افغان مذاکرات کے دوران دو طرفہ سیکیورٹی تعاون مضبوط کرنے پر غورکیا گیا۔ مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے، دہشت گردوں کےٹ ھکانوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے،مذاکرات میں دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے قریبی اور ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیاجبکہ پاکستان اور افغانستان کا سیکیورٹی پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اتفاق ہوا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔