وزیراعظم نواز شریف سے شہباز شریف کی ملاقات، سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

Nawaz Sharif, Shahbaz Sharif

Nawaz Sharif, Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی امراء میں ملاقات کی اور اسلام آباد میں جاری دھرنوں سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں جاتی امراء میں ملاقات کی جس میں گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکسان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے شاہراہ دستور پر گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں وزیراعظم نواز شریف سےملاقات کی جس میں حکومت کو مشورہ دیا گیا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کو صرف اور صرف ڈائیلاگ کے ذریعے سے حل کیا جائے کیونکہ اگر تھرڈ امپائر آ گیاتو بات بہت دور تک چلی جائے گی۔