وزیراعظم کا حکم نظر انداز: ایئرپورٹ منیجر کو ہٹانے کے بجائے ترقی دیدی گئی

Jinnah International Airport

Jinnah International Airport

کراچی (جیوڈیسک) سول ایوی ایشن نے وزیراعظم کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر کو عہدے سے ہٹاکر ایک اور اہم عہدے پر تعینات کردیا۔

وزیراعظم کے واضح تحریری احکامات کے باوجود ان کے خلاف کسی قسم کی محکمہ جاتی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس سے واضح طور پر یہ محسوس ہورہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی انتظامیہ ایئرپورٹ منیجر کو بچانے میں سرگرم ہے، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ ماہ دہشت گردی کے واقعے اور کارگو گودام میں جاں بحق 7 افراد کی تحقیقاتی رپورٹ پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایوی ایشن ڈویثرن کولیٹر نمبر SA/PM/AVA.2014 میں ہدایت کی تھی کہ واقعے میں کراچی ایئرپورٹ منیجر افسر ملک کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹاکر ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے، مکتوب میں سول ایوی ایشن کے فائر بریگیڈ آفیسرکے خلاف بھی انضباطی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وزیراعظم پاکستان کے سیکریٹری جاوید اسلم کے دستخط سے یہ لیٹر 26 جون کووزارت ایوی ایشن ڈویثرن بھیجا گیا لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایوی ایشن ڈویژن کے اعلی حکام کی ملی بھگت سے کراچی ایئرپورٹ مینجر افسر ملک کوان کے عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کو مزید اہم عہدے پر تعنیات کرتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن میں ہوابازی کے مشیر شجاعت عظیم کا معاون خصوصی تعیناتی کے احکامات جاری کردیے گئے، سول ایوی ایشن کے چیف ہیومین ریسورسز سمیر سعید کے دستخط سے جاری مکتوب میں کہا گیا ہے کراچی ایئرپورٹ کے مینجر افسر ملک کی سول ایوی ایشن کے ڈپٹی ڈی جی کی ہدایت پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن کے چیف ہیومن ریسورسزسمیرسعید نے افسر ملک کی
ترقی اور تعیناتی کے احکامات3جولائی کوجاری کیاگیا جس پرسول ایوی ایشن کے دیگرافسران میں شدید غم وغصہ پایاجاتا ہے،ان افسران کاکہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی حکام نے کراچی ایئرپورٹ کے مینجرکوبچانے میں کامیاب ہوگئے، ان افسران نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی حکام نے وزیر اعظم کے احکامات کوماننے سے انکار کردیا اور ایئرپورٹ مینجرکوان کے عہدے سے ہٹانے کی بجائے ترقی دیدی گئی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دیگر ملازمین میں بھی شدید غم وغصہ پایاجاتا ہے۔