وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے استعفی دے دیں۔

ایم کیو ایم کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں الطاف حسین نے نواز شریف پر زور دیا کہ وہ وزارت عظمی کا عہدہ اپنی پارٹی کے کسی اور رہنما کو دے دیں۔ الطاف حسین نے ملک میں داخلی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ ڈائیلاگ کے ذریعے آپسی اختلافات کا حل نکالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تنظیموں کو جانی و مالی نقصان کا سبب بننے والی مہم جوئی سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں وزیراعظم سے کہا کہ وہ آگے بڑھیں، معاملات کا انتہائی سوچ وفکر اور گہرائی سے مطالعہ کرنے کے بعد ان کا تفصیلی جائزہ لیں۔

‘اگر وہ اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ اپوزیشن کے احتجاجی دھرنوں یا دھرنوں کی آڑ میں کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں سے ملک میں جانی ومالی نقصان کا زرہ برابر بھی اندیشہ ہوتو وہ جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ کراپنے آپ کو وزارت عظمیٰ سے علیحدہ ہونے کا اظہارکریں’۔

انہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ مشوروں کے بعد اپنی ہی پارٹی میں سے کسی اور کو وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں منتقل کردیں یاکوئی ایسا آئینی راستہ اختیار کریں جہاں سب کا وقار اپنی اپنی جگہ قائم رہے اور کسی کو سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔