صعدہ جیل پر حملہ نہیں کیا، جلد تمام حقائق مشترکہ ٹیم کے سامنے رکھیں گے: عرب اتحاد

Turki-al-Maliki

Turki-al-Maliki

یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے جمعے کے روز تصدیق کی کہ اتحادی فوج نے صعدہ میں جیل کو نشانہ نہیں بنایا۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ جیل پرحملے سے متعلق مشترکہ ٹیم کو تمام حقائق اور تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل ترکی المالکی نے کہا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی طرف سے جو صعدہ جیل پرحملے کے حوالے سے من گھرٹ افواہیں شائع کی گئی ہیں۔ وہ جیل کو اپنے جنگی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں مگر اس حوالے سے دنیا کو گمراہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحادی فوج اور مشترکہ افواج کی کمان اعلیٰ ترین جنگی معیارات کا اطلاق کرتی ہے۔

اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ اتحاد کی جوائنٹ فورسز کمانڈ کی طرف سے (22 جنوری 2022ء) کو جاری کردہ بیان کے علاوہ ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کا یہ دعویٰ کہ اتحاد نے صعدہ شہر میں ایک جیل کو نشانہ بنایا قطعی من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

جوائنٹ فورسز نے27 جنوری 2022ء سے پہلے مشترکہ واقعات کی تحقیقاتی ٹیم نے صعدہ جیل پر حملے سے متعلق افواہوں کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ ہم اس حوالے سے مزید تفصیلات اور معلومات بھی جمع کر رہے ہیں جو اس واقعے کے انکوائری کمیشن کے سامنے پیش کی جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صعدہ جیل پر حملے سے متعلق حوثی ملیشیا کے دعوے کی چھان بین کے لیے ریڈ کراس کمیٹی سے بھی معلومات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بریگیڈیئر المالکی نے کہا کہ صعدہ میں چار ایسے مقامات متعین کیے گئے ہیں جنہیں جوائنٹ فورس کی طرف سے حملوں کا نشانہ نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں شہر کی جیلیں بھی شامل ہیں مگرحوثی ملیشیا جیلوں کو اپنے دہشت گردانہ عزائم کے لیے استعمال کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صعدہ میں جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ جیل سے ایک اعشاریہ آٹھ کلو میٹر دور ہے جسے فوجی اور جنگی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔