مسئلہ کشمیر ایک پکتی ہوئی ہانڈی ہے جس میں اُبال آتے رہنا کسی کے بھی حق میں نہیں ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا حل صرف ڈائیلاگ سے ممکن ہے۔

بی بی سی کے لئے انٹرویو میں اس سوال کے جواب میں کہ وہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اپنے ملک کے لئے کیا پیغام دینا چاہیں گے؟ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعے کا واحد موضوع کشمیر ہے اور اس مسئلے کا حل ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ہانڈی میں اُبال آتے رہنا کسی کے لئے بھی مفید نہیں ہو گا۔ اس کے برعکس مسئلہ کشمیر حل ہونے کی صورت میں علاقے کو جو فوائد پہنچیں گے وہ انتہائی شاندار ہوں گے۔

خان نے کہا ہے کہ دونوں حکومتوں کا اوّلین فریضہ غربت کو کم کرنا اور باہمی مسائل کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنا ہونا چاہیے۔

دونوں ہمسایہ ممالک کے ایک دوسرے کے مقابل میدان جنگ میں اترنے کے نقصانات کا بھی ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں جبر اور دباو کے نتیجے میں ابھرنے والے ردعمل کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا کر اس کا جواب بھی پاکستان کو دیا جائے گا تو باہمی کشیدگی میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔ اور کوئی اس کے نتیجے کا قبل از وقت اندازہ نہیں لگا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کسی چیز کو بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا گیا تو پاکستان کے پاس بھی اس کا جواب دینے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہو گا۔ میرے خیال میں دو ایٹمی طاقتوں کا اس طرح ایک دوسرے کے مقابل سینہ سپر ہونا غیر ذمہ داری کا ثبوت ہو گا۔