وفاق اور صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں قائم ہیں: خرم دستگیر خان

Khurram Dastgir Khan

Khurram Dastgir Khan

گوجرانوالہ : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ تبدیلی محض خیالی پلائو بنانے سے نہیں بلکہ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے سے ہی آسکتی ہے وفاق اور صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں قائم ہیں اور خدمت کا میدان سب کے لئے کھلا ہے۔

وفاقی حکومت میں آنے کے لئے بے تاب ایک جماعت دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام اور خدمت کی سیاست کرنا سیکھے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مرضی کے نتائیج نہ ملنے پر دھاندلی کا واویلا اور اپنے امیدوار کی کامیابی کی صورت میں اسے عظیم فتح اور تبدیلی قرار دینا وہ دوہرا معیار ہے جو قوم کے لئے قطعی ناقابل قبول ہے اگر خیبر پختونخواہ کی حکومت کا مینڈیٹ اصلی ہے تو مسلم لیگ ن کی حکومت بھی عوام کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد کھرے ووٹ لے کر منتخب ہوئی ہے ، دھاندلی کے الزامات لگانے والے بھول رہے ہیں کہ نواز شریف اس وقت بھی ملک کے منتخب وزیر اعظم رہ چکے ہیں جب تحریک انصاف نامی جماعت کا وجود بھی نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے دکھوں کا مداوا کئے بغیر صرف سبز باغ دکھانے سے ان کے دل نہیں جیتے جاسکتے مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی خدمت کی شاندارتاریخ رکھتی ہے اور عوام کی تکالیف کا ازالہ کرنے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے،خیبر پختونخواہ کی حکمران جماعت کو بھی مسلم لیگ ن کی تقلید کرتے ہوئے دھرنوں اور احتجاج میں وقت ضائع کرنے کی بجائے صوبے سے دہشت گردی ،غربت ،پسماندگی کے خاتمے اورصحت و تعلیم کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوششیں کرنی چاہئیںکیو نکہ خدمت کے راستے پر چلے بغیر سیاست میں آگے بڑھنے کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔