تحریک انصاف ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، سہیل رانا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، عمران خان ہر غلط کام کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، حکمرانوں نے آٹھ ماہ کی کارکردگی سے اپنی نا اہلی ثابت کر دی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ان چند ماہ میں عوام کی تکلیفوں میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا۔

حکمران کسی بھی قومی ایشو پر اپنی واضح پالیسی ترتیب نہیں دے سکے حکومت پیپلز پارٹی کی طرح ڈھنگ ٹپائو پالیسی پر عمل پیرا ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو بد ترین انتشار میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وجوہات کو ختم کرنا بہت ضروری ہے ، نیٹو سپلائی کی بندش سے تحریک انصاف کی بہادری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جنہوں نے ذاتی مفادات کو بالا طاق رکھتے ہوئے سپر پاور سے ٹکر لے رکھی ہے۔