پی ٹی آئی، ن لیگ کارکنوں میں تصادم، نقصان کے ذمہ دار نواز شریف ہونگے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم سے پی ٹی آئی اور ن لیگ کا ایک ایک کارکن زخمی ہوگیا.

دونوں کارکنوں میں پتھرائو کے دوران عمران خان کے کنٹینر کے شیشے ٹوٹ گئے، عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کارکنوں کی جانب سے ہم پر پتھرائو کیا جا رہا ہے ،پولیس کی گاڑیوں میں سوار غنڈوں نے ہم پر فائرنگ کی۔

آزادی مارچ میں شریک خواتین پر بھی پتھرائو کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ پتھرائو کیا جا رہا ہے لیکن پولیس کچھ نہیں کر رہی، اگر پتھرائو سے کسی کارکن کی جان گئی یا کوئی زخمی ہوا تو ایف آئی آر شہباز شریف کے خلاف کٹوائوں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں گلو بٹوں کے سردار نواز شریف کا استعفٰی لے کر آئوں گا۔

ہمارے ساتھ فیملیز ہیں ہم کیوں تصادم کریں گے، اس قسم کی حرکتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ کارکنوں کو پیغام ہے کہ پر امن رہیں مجھ پر فائرنگ کی گئی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ن لیگ کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کو راستہ دیں۔

پنجاب کے وزیر قانون رانا مشہود نے کہا کہ واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان قوم پر رحم کریں اور الزامات کی سیاست ترک کر دیں۔