تحریک انصاف آج سیالکوٹ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

PTI

PTI

سیالکوٹ (جیوڈیسک) عمران خان آج سیالکوٹ کے کرکٹ سٹیڈیم میں سیاسی چوکے چھکے لگائیں گے۔ مبینہ دھاندلی کے خلاف جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے تحریک انصاف کے کارکن انتہائی پُرجوش ہیں۔ جلسے سے قبل مخدوم جاوید ہاشمی کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی۔

جناح ہاؤس سے شروع ہونیوالی ریلی جلسہ گاہ پہنچ کر ختم ہوئی۔ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار شرکاء نے نعرہ بازی بھی کی۔ تحریک انصاف نے آج کے جلسے کو منفرد بنانے کیلئے اینی میٹڈ ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

سٹیڈیم کے چاروں اطراف بڑی بڑی سکرینیں بھی آویزاں کی جائیں گی جن میں سے ایک پر براہ راست ٹوئٹر پیغامات دکھائے جائیں گے۔ جناح سٹیڈیم کی سیڑھیوں پر 25 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پینتیس ہزار کرسیاں بھی لگائی جا رہی ہیں۔ خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر ڈار کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں ایک لاکھ لوگ شرکت کریں گے۔