پنجاب بھر کی صنعتوں کیلئے روزانہ آٹھ گھنٹے گیس فراہم کرنے کا شیڈول تیار

Punjab industries

Punjab industries

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب بھر کی صنعتوں کے لئے گیس فراہمی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہفتہ میں ڈھائی دن یعنی 60 گھنٹے کی بجائے ہر روز 8 گھنٹے یا تسلسل کے ساتھ کوٹہ کے مطابق 7 دن ہی گیس فراہم کرنے کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ نئے شیڈول پر عملدرآمد آئندہ چوبیس گھنٹوں میں وزیراعظم کی منظوری کے بعد شروع کر دیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پنجاب کی صنعتوں کو ہفتہ میں ساڑھے چار دن گیس بند رکھنے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

اور اس معاملہ کو کل تک ہر صورت میں صنعتکاروں کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ پنجاب کے صنعتی شہروں لاہور، شیخوپورہ اور ساہیوال کو ہفتہ میں ڈھائی دن یعنی 60 گھنٹے کی بجائے روزانہ 8 سے 9 گھنٹے یعنی زیادہ سے زیادہ 63 گھنٹے کے فارمولے کے تحت گیس فراہم کی جائیگی تاکہ کسی بھی دن فیکٹری کو بند نہ کیا جائے۔

اور صنعتکار باقی گھنٹوں میں متبادل نظام کیساتھ فیکٹریوں کو چالو حالت میں رکھیں۔ نئے پلان کے تحت فیصل آباد، سرگودہا، گوجرانوالہ ، ملتان اور راولپنڈی کی صنعتوں کو گیس ہر روز ملے گی۔

اور پریشر بھی کم نہیں ہو گا مگر اس کا ہفتہ وار کوٹہ مقرر کر دیا جائیگا یعنی ان ریجنز کے لئے ہفتہ میں ڈھائی دنوں میں جتنے ایم ایم سی ایف گیس فراہم کی جاتی تھی پورے ہفتے میں ان علاقوں کے صنعتکار اتنا ہی کوٹہ گیس استعمال کریں گے۔