پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی حنا پرویز بٹ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف متاثرین کی امداداور بحالی کے لئے اقدامات کی خود مانیٹر کر رہے ہیں۔

پاکستانی شہریوں کو اپنے متاثرہ بھائیوں کی امداد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور انکی ٹیم نے گزشتہ سالوں میں آنیوالے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کر کے انہیں اپنے پائوں پرکھڑا کیا ،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والوں کوبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انہیں زندگی کی خوشیاں واپس لوٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے سیلاب سے متاثرہ علاقوںکے دورے یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ اس سے غافل نہیں اور اپنی بھرپور توانائیاں صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہری اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کے لئے میدان عمل میں نکل آئے ہیں لیکن اس میں مزید جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ بے گھر ہونیوالے افراد کو جتنی جلد ممکن ہو سکے انکے گھروں میں بسایا جائے۔