پنجاب حکومت جان لے مخلوط نظام تعلیم کسی صورت قبول نہیں فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے : مدثراحمد شاہ

Protest Nisab

Protest Nisab

لاہور : گزشتہ سال پنجاب حکومت کی جانب سے میٹرک کے نصاب میں کی جانے والی تبدیلیوں اور انگریزی کو ذریعہء تعلیم بنانے کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی جانب سے گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ سے بھیکے وال چوک تک تعلیم بچائو ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے کی اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے کہا پنجاب حکومت تعلیم کے حوالے سے انتہائی بے شرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

جبکہ حکومت پنجاب کو جان لینا چاہیے مخلوط نظام تعلیم کسی صورت قبول نہیںلہٰذاپنجاب حکومت اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرے ،انہوں نے کہا گزشتہ سال نصاب تعلیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے پنجاب گورنمنٹ اور ٹیکسٹ بک بورڈ کی کمیٹی نے مذاکرات میں طلبہ کمیٹی کو یقین دہانی کروائی تھی کہ سلیبس میں کی جانے والی تبدیلیاں واپس لے لی جائیں گی۔

لیکن ابھی تک اس یقین دہانی پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ناظم لاہور کا مزید کہنا تھا کہ نصاب اور نظام تعلیم کی یہ تبدیلیاںبیرونی ایجنڈے کا حصہ ہیں اگر پنجاب حکومت نے وعدوں کے مطابق تبدیلیاں واپس نہ لیں تو لاہور بھر کے طلبہ پنجاب اسمبلی کے گھیرائو پر مجبور ہوں گے۔اس موقع پر طلبہ نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔