پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائیں جائیں، میاں کامران سیف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائیں جائیں کیونکہ بلدیاتی اداروںکے انتخاب غیر جماعتی ہونے کے باعث مسائل پیدا ہونگے اور الیکشن کے بعد خرید و فروخت کا بازار گرم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے توپنجاب میں بھی یہی فیصلہ کیا جائے کیونکہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوئے اور اس میں حکمران جماعت نے واضع برتری حاصل کی تھی اس لیے انہیں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد کروانے اور نتائج سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

میاں کامران سیف نے کہا کہ حکمران پارٹی کی جانب سے غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کروانے ان کے اپنے منشور کی نفی ہے، جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور جماعتی بنیادوں پر منتخب ہونے والے ان اداروں کے سربراہ اپنی پارٹی کے منشور پر عملدرآمد کرواتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔