پنجاب: مجوزہ انسدادِ دہشت گردی فورس کا خاکہ سامنے آگیا

Punjab Force

Punjab Force

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل اور بنیادی ڈھانچے کو حتمی شکل دے دی ہے، اس فورس کے لیے نومبر میں بھرتیاں شروع کی جائیں گی اور پہلا دستہ فروری میں تربیت مکمل کرلے گا پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل کے لیے معیار طے کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فورس میں بھرتی کا معیار پولیس سے الگ ہوگا جبکہ اس کا کلچر بھی منفرد ہوگا، فورس کااہلکار 75 ہزار روپے تنخواہ حاصل کرے گا۔

ساتھ ہی اسے مکان کی سہولت بھی حاصل ہوگی اور فورس کے اہلکار کو کانسٹیبل نہیں کہا جائے گا، جبکہ دیگر آفیشلز اور افسروں کی تنخواہیں بھی اسی حساب سے ہوگی، ابتدائی طور پر دو سال کے لیے دوسرے محکموں سے عارضی طور پر اہلکار لیے جائیں گے لیکن دو سال بعد یہ فورس مکمل طور پر اپنے اہلکاروں پرمشتمل ہوگی، فورس میں بھرتی کے لیے اکتیس اکتوبر تک ا شتہار دے دیا جائے گا۔

تعلیمی کیریر میں تھرڈ ڈویڑن یا تھرڈ ڈگری کا حامل کوئی امیدوار بھرتی نہیں ہوسکے گا، صرف فرسٹ اور سیکنڈ ڈویڑن کا حامل امیداور ہی درخواست دینے کا اہل ہوگا، ابتدائی طور پر پانچ سو افراد بھرتی کیے جائیں گے جن کی تربیت آئندہ سال فروری تک مکمل ہوجائے گی، فورس کا تنظیمی ڈھانچہ انتہائی مختصر ہوگا۔