قطر میں ترک فوج کی موجودگی خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے: قرقاش

Anwar Gargash

Anwar Gargash

قطر (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ قطر میں ترک فوج کی موجودگی عرب خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ قطر کے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دعویٰ‌ کیا ہے کہ ترک فوج کی دوحا میں موجودگی خلیجی ملکوں میں امن واستحکام کے لیے ہے مگر ان کا یہ دعویٰ غلط ہے۔ ترکی کا علاقائی سطح پر کردار خلیجی ممالک کی پالیسیوں سے ہم آہنگ نہیں۔ اس کے کئی ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ ترک صدر نے اپنے دورہ قطر کے اقتصادی اسباب سے توجہ ہٹانے کے لیے دوحا میں اپنی فوج کو عرب ممالک کے استحکام کا ذریعہ قرار دیا حالانکہ قطر میں ترک فوج کی موجودگی ہمارے خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔

انور قرقاش نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں ترکی کی مداخلت نئی نہیں ہے۔ ترکی خطے میں اپنے ہم نوا ممالک کو اپنی زیر اثر لانا چاہتا ہے اور خطے کے ممالک کے وسائل پر اپنی بالادستی اور اجارہ داری کے قیام کا خواہاں‌ ہے۔