قائد اعظم ٹرافی ، سعید اجمل کو شرکت سے روک دیا گیا

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی نے آف اسپنر سعید اجمل کو قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلنے سے روک دیا،آف اسپنر کے ایکشن کی درستگی کیلیے کوشاں ثقلین مشتاق نے مزید پریکٹس جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کئی روز کی محنت کے بعد سعید اجمل کا ایکشن 15 ڈگری کی قانونی حد کے قریب لانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، دو روز قبل آف اسپنر کو قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھلا کر ان کے ایکشن اور کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تاہم آخری لمحات میں ان کو میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا گیا، سعید اجمل زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم میں شامل ہیں۔ آف اسپنر کی بولنگ پر کام کرنیوالے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق اور نیشنل کر کٹ اکیڈ می کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا خیال ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان کے نئے ایکشن کو منظر عام پر لانا مناسب نہیں ہوگا۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سعید اجمل ایکشن درست کر نے کی کوشش میں تو خاصی حد تک کامیاب ہوگئے لیکن ابھی تک ردھم حاصل نہیں کرپائے، ان کے مسلز کو نئے ایکشن سے ہم آہنگ ہونے کیلیے بڑی محنت درکار ہوگی۔