جب تک خاشقجی سے متعلق سوالات کے جواب نہیں ملتے میری تسلی نہیں ہو گی: ڈونلڈ ٹرمپ

 Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سوالات کے جواب نہیں ملتے میری تسلی نہیں ہو گی۔

امریکہ کی ریاست نیوادا میں صدر ٹرمپ نے ،جمال خاشقجی کے قتل کے بارے میں اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دئیے۔

اس سوال کے جواب میں کہ” کیا یہ ممکن ہے کہ خاشقجی کے بارے میں ولی عہد پرنس بن سلمان کو پہلے سے کوئی اطلاع نہ ہو؟” صدر ٹرمپ نے کہا کہ “یہ ممکن ہے”۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس معاملے کے بارے میں سوالات کے جواب نہیں ملتے میری تسلی نہیں ہو گی۔

سعودی عرب کی طرف سے شروع کروائی گئی تحقیقات کو ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس تفتیش میں بہت زیادہ افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بہت اچھا اتحادی ہے لیکن جو کچھ انہوں نے کیا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ “کیا آپ سعودی عرب کی تفتیش کو قابل بھروسہ سمجھتے ہیں؟” صدر ٹرمپ نے کہا کہ” ہاں میں ایسا سمجھتا ہوں”۔

واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے بارے میں سعودی انتظامیہ نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ “قونصل خانے میں پیش آنے والی ہاتھا پائی کے نتیجے میں خاشقجی ہلاک ہو گیا ہے”۔