کوئٹہ کے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاون کا فیصلہ

Quetta - Corona Areas Lockdown

Quetta – Corona Areas Lockdown

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاون کا فیصلہ کرلیا۔

شہر کےکورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ محکمہ داخلہ کے اجلاس میں کیاگیا جس کیلئے محکمہ صحت سے شہر میں کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا ڈیٹا اور تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ نے اس ضمن میں کیسکو، سوئی گیس کمپنی، واسا اور پی ٹی سی ایل کو متعلقہ علاقوں میں مطلوبہ سہولیات کی دو ہفتے تک مکمل فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

کورونا وائرس آپریشن سینٹر کی جانب سےکوئٹہ میں ابتدائی طورپرکورونا سے زیادہ متاثرہ 20 یونین کونسلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

شہر کے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا اطلاق آئندہ دو روز میں کیاجائےگا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اب تک مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جس میں سے 8794 کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے جب کہ صوبے میں اموات کی تعداد 93 ہو گئی ہے۔