رمضان المبارک پر وزیراعظم کا تمام آئی ڈی پیز کو اضافی 20 ہزار روپے دینے کا اعلان

Bannu

Bannu

بنوں (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا جس کے باعث لوگ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے، وسائل کی کوئی کمی نہیں، آئی ڈی پیز کو تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف آپریشن ”ضرب عضب” میں حصہ لینے والے فوجی افسروں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بنوں پہنچے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کورکمانڈر پشاور خالد ربانی نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے افسران نے وزیر اعظم کو آئی ڈی پیز کے مسائل پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے نقل مکانی کرنے والوں کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا، وزیر اعظم نے آئی ڈی پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا جس کے باعث لوگ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

وسائل کی کوئی کمی نہیں ، آئی ڈی پیز کو تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی تکلیف کا ادراک ہے ، گھر چھوڑنا آسان کام نہیں۔

متاثرین کی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ آپریشن ختم ہونے کے بعد آئی ڈی پیز کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے آئی ڈی پیز کیلئے رمضان المبارک میں بیس ہزار روپے اضافی امداد کا بھی اعلان کیا۔