رانا شمیم جواب کے ساتھ پیش ہوں گے: بیٹا احمد حسن ایڈووکیٹ

 Ahmed Hassan Advocate

Ahmed Hassan Advocate

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا نے کہا ہے کہ ان کے والد کا مؤقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں اور وہ اب جواب کے ساتھ پیش ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانا نے کہا کہ رانا شمیم کا بیٹا بھی ہوں اوراب خوش قسمتی سے ان کا وکیل بھی ہوں، آج کیس ملتوی ہو کر 26 نومبر تک چلا گیا ہے، اب رانا شمیم جواب کے ساتھ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔

انہوں نے وفاقی وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں الٹا سیدھا بولا، انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیٹے کو نوازا گیا اور ایڈووکیٹ جنرل بنایا، میں کبھی بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں رہا بلکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہا ہوں، آپ ریکارڈ اٹھا کر دیکھ سکتے ہیں کہ 6 مہینے میں میرا کام کیسا رہا، آپ کو پتا چلے گا کہ میں میرٹ پر بھرتی ہوا تھا یا پرچی پر۔

احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ یہ انکوائری طلب معاملہ ہے اور سپریم جوڈیشل کونسل میں جانا چاہیے، سپریم جوڈیشل کونسل میں شہادتیں ریکارڈ ہوں، جو حق پر ہے وہ سرخرو ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد کا مؤقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں۔