رینجرز اور حکومت میں کوئی اختلاف نہیں، کراچی آپریشن جاری رہے گا، قائم علی شاہ

Syed Qaim Ali Shah

Syed Qaim Ali Shah

نواب شاہ (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ نوابشاہ پر افسوس ہے جس میں قیمتیں جانیں ضائع ہوئی ہیں، جس کا کوئی مداوا نہیں ہو سکتا، غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

جمعے کو دولت پور میں سانحہ نوابشاہ میں جاں بحق ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کیلیے کمشنر جمال مصطفیٰ سید کی سربراہی میں قائم کمیٹی کوایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حادثے کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ٹریفک قوانین کو مزید سخت بنانے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ رینجرز اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں، کراچی میں بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے سانحہ نوابشاہ کے متاثرہ خاندانوں میں فی کس 5 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ بعد ازاں ڈاکٹر خان محمد ڈاہری کی رہائش گاہ پر گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا۔

حکومت ٹریفک قوانین میں ترامیم کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کیلیے سخت سزا مقرر کرے گی تا کہ ڈرائیورز کی غفلت سے حادثات کو روکا جا سکے، ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل نظرثانی کی جائے گی غلط لائسنس جاری کرنے والے ٹریفک پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔