رینجرز آپریشن بھی ٹارگٹ کلنگ نہ روک سکے، مزید 5 افراد جاں بحق

Karachi Rangers

Karachi Rangers

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں مختلف پرتشدد اور فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ رینجرز نے شیریں جناح کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا ۔ملیر کے علاقے جعفر طیار سو سائٹی میں وکٹری گرانڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق۔ نشتر روڈ سے ایک بوری بند لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔

یاسین آباد میں رات گئے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹیکسی پر فائرنگ کردی جس سیمحمد اظہر جاں بحق ہوگیا۔ پرانا حاجی کیمپ کے قریب سریا گلی سے ایک نوجوان کی لاش ملی ہے جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ شیر شاہ کے علاقے میں ایک گھر میں گھس کر رات گئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون تاج مینہ جاں بحق جبکہ اس کا شوہر بہار خان زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے شیریں جناح کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھر گھر تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔ آپریشن میں خواتین سمیت 300 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔