ریحان ہاشمی نے جو میری آڈیو چلائی ہے وہ خلاف قانون ہے۔ اسلم خان

MNA Aslam Khan

MNA Aslam Khan

کراچی : تحریک انصاف کے ایم این اے اسلم خان نے کہا ہے کہ چیئرمین ڈسٹرکٹ سنٹرل ریحان ہاشمی اپنی کوتاہیاں اور کرپشن کو چھپانے کے لیے اب بلیک میلنگ پر اتر آئے ہیں ، میں نے دوران گفتگو کوئی ایسی بات نہیں کی جس کی بناپر ریحان ہاشمی نے اس آڈیو کو ہوا دینے کے لیے سوشل میڈیا میں وائرل کیا، ہم اس حرکت پر قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں ،اور سائبر ایکٹ کے تحت ریحان ہاشمی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ اس عمل نے میری عزت اور نیک نامی کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے جس کے لیے قانون کا ہر ایک دروازہ کھٹکایا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ سنٹرل سے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن آصف چکلی کا قتل بھی بدامنی کوپھر سے فروغ دینے کی ایک سازش ہے آصف چکلی کا قصور بس اتنا تھا کہ اس نے علاقے میں کچرا صاف کرنے پر آوازاٹھائی اور اس سلسلے میں اپنی کوششوں کا آغاز کیا ،آصف چکلی کے بہیمانہ قتل سے قبل بھی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس حلقے میں اگر کوئی ان لوگوں کے مخالف کونسلر کے لیے بھی کھڑا ہوا اسے ماردیا جاتاتھا ،انہوں نے کہاکہ ماضی میں قانون کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھنے والے اس بات کو زہن نشین کرلیں کہ اب عوام باشعور ہوچکی ہے اپنے اچھے اور برے کو سمجھتی ہے اور کراچی کی عوام یہ بات بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ شہر قائد کو کس نے خون میں رنگا اور یہاں کا امن بربادکیا اور عوام یہ بھی جانتی ہے کہ موجودہ امن ایسے ہی لوگوں کے یہاں سے جانے سے آیا ہے مگر افسوس کہ ایک بار پھر کراچی کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،انہوں نے مزیدکہاکہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے آصف چکلی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ ایسے بے رحم لوگوں کو جلد سے جلد بے نقاب کیا جا سکے۔