قرارداد پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی: 23 مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے آج کے دن تمام پاکستانیوں کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام و خوشحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ قرارداد پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔

یوم پاکستان تجدید کا دن ہے جس میں ہم سب کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کیلئے بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق بھرپور محنت کرینگے تاکہ اقوام عالم میں پاکستان کا نام بلند ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل، ڈاکٹر زبیر احمد، افتخار چوہدری، ڈاکٹر شمس تور، عبداللہ رحمان، سید راشد ودیگر رہنمائوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ آج ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نبردآزماہونے کیلئے ہمیں عزم نوکرتے ہوئے وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی اور اس انقلاب کا بنیادی مقصد محض سیاسی نظام یا اداروں میں تبدیلی لانا نہیں بلکہ اس کا دائرہ اثر اپنی سماجی زندگی کے تمام شعبوں تک بڑھاناہوگاتاکہ تبدیلی کا عمل محدود پیمانے کی بجائے کثیرالجہتی ہو۔

قرارداد مقاصد میں شامل تمام نکات اسلام کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ قائداعظم کے تصورات کے مطابق پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہیں۔ 23مارچ کا دن ہمارے لیے تجدید عہد کا دن ہے آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہے کہ اغیار کی سازشوں کو ناکام بنا کر اس ملک کو بام عروج پر لے جانا ہے . پاکستان اس وقت مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے اور اغیار اسکی سا لمیت کا نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ہمیں پاکستان کے لیے اپنے اسلاف کی قربانیوں کو مدنظررکھتے ہوئے خو د کو بھی ہر قسم کی آزمائش کی لیے تیار رکھنا ہے ۔ پاکستان کے حصول کی منزل کٹھن تھی جسے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں حاصل کر لیااب اس کی تعمیر کا مرحلہ درپیش ہے جو ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ملک سے لسانیت ، علاقائی تعصب ،برادری ازم کے فروغ کی حوصلہ شکنی بحثیت ایک پاکستانی ہمارا فرض ہے ہمیں نئی نسل کو ایک قوم بننے کے لیے تیار کرنا ہے تمام تر عصبیتوں سے بالاتر ہو کر ہی ہم دنیا میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔