گردشی قرضے، 326 ارب کی پہلی قسط آج ادا کردینگے، وزیر خزانہ

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلا م آباد (جیوڈیسک) اسلا م آباد سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ، اور لوڈشیڈنگ کی سب سے بڑی وجہ ہے زیر گردش قرضے، جو ہیں پانچ سو تین ارب روپے، ماہرین کہتے ہیں کہ زیر گردش قرضوں کے خاتمے سے لوڈشیڈنگ میں ٹھیک ٹھاک کمی آئے گی ، تو پھر عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ آج وزیر خزانہ نے پانچ سو تین میں سے 326 ارب روپے کے قرضے اتارنے کا اعلان کردیا ہے زیرگردش قرضوں سے جان چھڑانے کاوقت آگیا۔ حکومت کا وعدہ نبھانے کاوقت آگیا۔

پانچ سو تین ارب روپے کے زیر گردش قرضے ختم کرنے کیلیے وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں ساٹھ دن کاوعدہ کیا تھا۔ اور ابھی وعدہ کیے سولہ دن ہوئے کہ وزیر خزانہ نے تین سو چبھیس ارب روپے ادا کرنے کااعلان کردیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق یہ تین سو26 ارب روپے حکومت نے کیش اور بونڈ کے ذریعے اداکیے ہیں۔

نجی پاور کمپنیوں ، بینکوں کو ایک سو چورانوے ارب روپے کیش اور ایک سو اٹھائیس ارب روپے بونڈ کے ذریعے ادا کیے جارہے ہیں ۔وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ تین سو چھبیس ارب روپے کی ادائیگی کے بعد زیر گردش قرضوں کی باقی ماندہ رقم 177 ارب روپے رہ جائے گی، جس کے لیے ان کے اپنے وعدے کے مطابق دس اگست تک کا وقت ہے۔

لیکن وہ پرامید ہیں کہ یہ باقی رقم بھی جولائی کے وسط تک ادا کر دیں گے ۔وزیرخزانہ سمیت اکثریتی ماہرین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ زیر گردش قرضوں کے خاتمے سے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی وزیرخزانہ نے دو ارب روپے کے رمضان پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے، اس رقم سے عوام کو رمضان کے دوران عایتی قیمتوں پر اشیائے خورونوش فراہم کی جائیں گی۔