اس وقت حکمران ملک اور قوم کے خون کے آخری قطرے تک نچوڑنے میں لگے ہوئے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ،سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان خان نے مولانا فضل الرحمن کی طرف سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کی حمایت کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حکمران ملک اور قوم کے خون کے آخری قطرے تک نچوڑنے میں لگے ہوئے ہیں،ان سیاسی جونکوں سے ملک کو بچانے کا وقت آگیا ہے،ورنہ اقتدارکے پجاری ملک اور قوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچا کرحسب روایت فرارہو جائیں گے جبکہ ملک اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔

مفاہمتی سیاست کے نام پرملک کو دیمک لگی ہوئی ہے اور اس مفاہمتی دیمک سے ملک کی بنیادیں کھوکھلی ہو رہی ہیں،اگر موجودہ حکمرانوں کو اور وقت دیا گیا تو ملک تباہ ہو جائے گا،حکمران ملک کوبیچنے پر تل گئے ہیں،ہر طرف لوٹ ماراور کرپشن کا دور دورہ ہے،حکمرانوں کی لگائی ہوئی آگ سے ہر محب وطن پریشان اور رنجیدہ ہے۔

اس لئے یہ آگ خو دحکمرانوں کو جلا دے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حکومتی ناکامی کا اعتراف درحقیقت آئندہ کے انتخابات کا آئینہ ہے،جو شیشے میں اتحادی ٹولے کو نظرآرہا ہے کہ مستقبل میں عوام اتحادی ٹولے کی بندربانٹ کو شکست سے دوچار کریں گے،اور حکمران عوامی عدالت میں بری طرح شکست سے دوچار ہوں گے۔