روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو سخت پابندیاں لگیں گی:جرمنی

Olaf Schulz

Olaf Schulz

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن چانسلر اولاف شولس نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین پر حملہ کیا تو اس پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اب کریملن کی جانب سے فوجی حملہ کسی بھی روز متوقع ہے۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ یوکرین کے خلاف کسی ایسی فوجی جارحیت کی صورت میں، جس سے اس کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کو خطرہ لاحق ہو، وہ سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی جو ہم نے احتیاط سے تیار کی ہیں۔

چانسلر نے کہا کہ ہم انہیں نیٹو اور یورپ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فوری طور پر نافذ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جرمن چانسلر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے آج اور کل روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کرنے والے ہیں تاہم، ایک جرمن ذرائع کے مطابق برلن کو ان مذاکرات سے کسی طرح کے ٹھوس نتائج کی توقع نہیں ہے۔

جرمن چانسلر روس پر یہ واضح کریں گے کہ اس معاملے میں مغرب متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں روس پر سخت ترین پابندیاں لگائی جائیں گی۔