سرفراز احمد کی قائدانہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

Sarfraz Ahmed

Sarfraz Ahmed

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے 18 میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی قائدانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیون کا 18وں میچ آج لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز رحمان اللہ اور ایلکس ہیلز نے کیا، ایلکس ہیلز کی شاندار بیٹنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے 12 اوورز میں 108 رنز بنائے جس کے بعد ایلکس 68 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ شاہد آفریدی نے 27 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ نسیم شاہ اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے رحمان اللہ 19 ، شاداب خان 12، آصف علی 6 اور محمد اخلاق اور اعظم خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ لیام ڈاسن اور فہیم اشرف نے آکر وکٹ سنبھالی تو 78 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اس دوران فہیم اشرف نے جارحانہ جب کہ ڈاسن نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی۔

بعد ازاں فہیم اشرف 28 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا 187 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے پھر لیام ڈاسن بھی 13 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔ نئے آنے والے کھلاڑی محمد وسیم نے دو گیندوں پر دو چھکے مار کر ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے، ایلکس ہیلز 62 اور فہیم اشرف 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاہد آفریدی، جیمز فالنکر نے 2،2 اور نسیم شاہ، نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

200 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن رائے اور احسان علی نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 88 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس کے بعد جیسن رائے 27 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 92 پر گری جب احسان علی 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

پھر گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ 130 پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیمز ونس تھے، جو 29 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے، بعد ازاں افتخار احمد 4 رنز بنا کر 139 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کی گیند پر پویلین لوٹے، اس کے بعد عمر اکمل 8 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری اینڈ پر کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی بلکہ اپنی ٹیم کو بھی فتح یاب کرایا، یوں گلیڈی ایٹرز اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔

گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19.4 اوورز میں حاصل کیا، جیسن رائے 54 اور سرفراز احمد 50 رنز ناٹ آؤٹ رہ کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ احسان علی 30 ، جیمز ونس 29، عمر اکمل نے 23 رنز بنائے، یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے تین، لیام اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تب بھی بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں چار اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بڑا ٹوٹل اسکور کریں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز نے کہا ہے کہ عمر اکمل کی پی ایس ایل میں واپسی ہوئی ہے آج وہ کوئٹہ کے لیے یہ میچ کھیلیں گے۔