سعودی فضائی سیکیورٹی حکام نے حج آپریشن کا آغاز کر دیا

Hajj Operation

Hajj Operation

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے دیگر اداروں کی طرح فضائی سیکیورٹی حکام نے بھی حج آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ فضائی سیکیورٹی نے اپنے تمام عملے کو عازمین حج کی سیکیورٹی کے لیے چوکس کردیا ہے۔ عازمین حج کی نقل وحرکت کی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نگرانی کی جاری ہے۔

حج فضائی سیکیورٹی آپریشن میں فضائیہ کے علاوہ دیگر سیکیورٹی اداروں کے اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی’اے ایس پی’ کے مطابق حج سیکیورٹی آپریشن نہ صرف مکہ معظمہ میں جاری ہے بلکہ مدینہ منورہ میں بھی جاری ہے۔ فضائی آپریشن کے دوران حجاج کرام کی نقل وحرکت، ٹریفک کے مسائل کوکنٹرول کرنے، آتش زدگی کے واقعات پر قابو پانے، حجاج کرام کے حوالے سے خدمات انجام دینے والے دیگراداروں کی لاجسٹک اور سیکیورٹی معاونت، غیر مجاز لوگوں کو حجاج میں شمولیت سے روکنے کے لیے آپریشن میں معاونت اور ھجوم پرقابو پانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔

مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کی سیکیورٹی اور ان کی نقل وحرکت کو منظم کرنے کے لیے جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں کی ایمرجنسی ٹیمیں، طبی عملہ، ایمبولینسیں اور دیگر شعبوں کے حکام تعینات کیے گئے ہیں۔