سعودی عرب اور یو اے ای کی امداد پر کوئی شرائط نہیں: وزیراعظم عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے جو امداد دی ہے اس پر کوئی شرط عائد نہیں اور امداد کے بدلے ہم اب کوئی جنگ نہیں لڑیں گے۔

لاہور میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا دیکھنا چاہتا ہوں، یقین دلاتا ہوں کہ صنعتوں کے لیے ماحول درست کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو جائز پیسا بنائے اس کو غلط نہ سمجھیں، مہاتیر محمد نے دولت بنانے کا موقع دیا اور شیخ محمد نے بھی ایسا ہی کیا، اگر منافع بنتا ہے تو مزید لوگ آ کر سرمایہ کاری کریں گے اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی تب ہی بڑھے گی جب وہ پیسہ بنائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو گیس اور بجلی سستی ملے گی، اگر صنعتوں کو ری بیٹ نہیں دیں گے تو ان کا دیوالیہ نکل جائے گا، گورننس سسٹم ٹھیک کردیا توملک ٹیک آف کر جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے جو امداد دی ہے اس پر کوئی شرط عائد نہیں، امداد کے بدلے ہم نے کوئی جنگ نہیں لڑنی، ہم امن کے داعی ہیں اور امن کے لیے جو کردارادا کرسکے کریں گے، پاکستان کی جہاں بھی ضرورت پڑی ثالثی کا کردار اداکرے گا، پاکستان کی فوج اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑے گی۔