سعودی عرب کو اپنی سرحدوں کے دفاع کا حق حاصل ہے: فرانسیسی وزارت دفاع

Saudi Arabia, France

Saudi Arabia, France

پیرس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی وزارت دفاع نے سعودی عرب کے اپنی سرحدوں کے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہوئے مملکت کی سالمیت اور اس کی خود مختاری کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

فرانسیسی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے کہا کہ فرانس اور سعودی عرب تزویراتی اہداف کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان تزویراتی اہداف میں خلیجی پانیوں میں فری نیوگیشن اور آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد ورفت بھی شامل ہے۔

فرانسیسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون دونوں ممالک کا بنیادی محور ہے۔ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان گہری اور پائیدار دوستی کا رشتہ موجود ہے جو مزید مضبوط ہو گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سوموار کو فرانسیسی وزارت خارجہ نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور مملکت کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ کوشش قرار دیا تھا۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے حوثی ملیشیا پر زور دیا تھا کہ وہ سعودی عرب اور دوسرے ملکوں پر حملے بند کرے اور خطے میں بے چینی اور انارکی پھیلانے کی سرگرمیوں سے باز آئے۔ وزارت خارجہ نے حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔