سعودی عرب: کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ،386 نئے مریضوں کی تشخیص

Saudi Arabia,Coronavirus

Saudi Arabia,Coronavirus

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 386 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار چار افراد وفات پا گئے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق مملکت میں اب کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 369961 ہوگئی ہے۔ان میں سے 6397 مریض وفات پا چکے ہیں۔

دارالحکومت الریاض میں ہفتے کے روز سب سے زیادہ 154 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد مشرقی صوبہ میں 110 اور مکہ مکرمہ میں 54 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

دریں اثناء حالیہ ہفتوں کے دوران میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے 283 افراد تن درست ہوگئے ہیں۔اب تک مملکت میں کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 361237 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب نے تین فروری کو رات نو بجے سے پاکستان سمیت بیس ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں ، سفارت کاروں ،طبی کارکنوں اور ان کے خاندانوں پر مملکت میں داخلے پرعارضی طور پر پابندی عاید کردی تھی۔

سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جنوری میں خبردار کیا تھا کہ احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں مملکت میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔فروری کے اوائل میں حکام نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے اور اس کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے دوبارہ سخت پابندیاں نافذ کردی تھیں۔

سعودی حکومت نے 29 جنوری کو اپنے شہریوں پرعاید سفری پابندیوں میں توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا اورکہا تھا کہ کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کے تحت 31 مارچ کے بجائے 17 مئی کو فضائی ، برّی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھولی جائیں گی۔