سعودی عرب : کووِڈ-19 سے اب تک اموات کی تعداد آٹھ ہزار سے بڑھ گئی!

Saudi Arabia, Coronavirus

Saudi Arabia, Coronavirus

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار مزید 14 مریض وفات پا گئے ہیں،اس طرح اب تک مملکت میں کووِڈ-19 سے اموات کی تعداد 8006 ہو گئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت نے کووِڈ-19 کے 1295 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ان میں دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ 327 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں 283 اور منطقہ شرقیہ میں 189 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

تین روز قبل ہی مملکت میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد پانچ لاکھ سے متجاوز ہوگئی تھی۔اب نئے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 503734 ہوگئی ہے،ان میں سے 484883 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سعودی عرب کی قریباً تین کروڑ چالیس لاکھ آبادی میں سے بیشتر نفوس کو کووِڈ-19 ویکسین کی دوکروڑ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔اب تمام عمر کے افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جارہی ہے۔

قبل ازیں سوموار کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کی جانب سے تُونس کو صدر قیس سعید کی درخواست پر کووِڈ-19 ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں مہیّاکرنے کی ہدایت کی ہے۔

انھوں نے’شاہ سلمان امداد اور ریلیف مرکز‘(کے ایس ریلیف) کوتونس کو کرونا وائرس کی ویکسین کے علاوہ ادویہ اور طبّی سامان بھی مہیّا کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے تاکہ عرب دنیا کا یہ غریب ملک اس مہلک وَبا کے اثرات سے نمٹ سکے۔