سعودی عرب کا بزرگوں، بیماروں کو حج اورعمرے کا ویزا نہ دینے کااعلان

Saudi Arabia

Saudi Arabia

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے بزرگوں، بچوں، حاملہ خواتین اور پرانی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس سال عمرے اور حج کے لیے ویزانہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی وجہ ان افراد کو خطر ناک سانس کی بیماری کورونا وائرس سے بچانا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیا قانون اس برس حج اور اس کے بعد عمرہ سیزن پر لاگو ہو گا۔

اس بارے میں دنیا بھر میں موجود سعودی مشنز سختی سے ان ہدایات پر عمل کریں گے۔ ترجمان کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے معمر اور شدید بیمار افراد کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ معمر افراد کے علاوہ دل کیا مراض، گردوں کی بیماری، ذیابطیس اور سانس کے مریضوں کو بھی اس سال حج اور عمرے کے ویزے نہیں دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کو بھی ویزے جاری نہیں ہوں گے۔ مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم نامی اس وائرس سے پھیپھڑے متاثر ہوتے ہیں۔ سعودی عرب میں ایم ای آر ایس کورونا وائرس سے اب تک 66 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 38 افراد اس وائرس کی وجہ سے انتقال کر چکے ہیں۔