سعودی عرب کی طرف سے سوڈان کی حمایت پر خودمختار کونسل کے سربراہ کا خیرمقدم

Meeting

Meeting

سوڈان (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان کی خود مختار عسکری کونسل کے سربراہ میجر جنرل عبدالفتاح البرھان نے سوڈانی قوم کی حمایت اور اس کی مدد پر سعودی عرب کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈان کےدورے کے دوران خرطوم میں سوڈانی خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل البرھان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں بات کرتے ہوئے سوڈانی خود مختار کونسل کے سربراہ نےسعودی عرب کی طرف سے سوڈان کی مشکل میں مدد کرنے،بالخصوص سیلاب اور کرونا کی وبا کے دوران سعودی عرب کی طرف سے ہرممکن امداد کی فراہمی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے منگل کے روز خرطوم میں ری پبلیکن پیلس میں خود مختار کونسل کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب اور سوڈان کےباہمی تعلقات اور دونوں قوموں کے درمیان مشترکہ مفادات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

البرھان نے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کو خام الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے اپنی جانب سے نیک تمنائوں، مملکت کی خوش حالی، ترقی اور استحکام کا پیغام بھیجا۔

اس موقعے پرگفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ان کا ملک سوڈان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور سوڈان کے ساتھ مل کر علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سوڈان کو دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے اور خرطوم کی عبوری حکومت کو کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈان کی جانب سے یمن میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے پر سوڈان کا شکریہ ادا کیا اور یمن میں آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کے لیے سوڈانی فوج کی قربانیوں کو سراہا۔