ایرانی صدر کا شام سے مقبوضہ وادی گولان میں اسرائیل کا بھرپور مقابلہ کرنے پر زور

Hassan Rohani

Hassan Rohani

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے شامی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے زیرقبضہ علاقے وادی گولان پر اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام ایران کا تزویراتی اتحادی ہے اور تہران دمشق کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے ان خیالات کا اظہار شام کے نو منتخب وزیر خارجہ فیصل المقداد سے تہران میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ تہران دمشق کی ہرممکن مدد اور معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں‌ نے دمشق حکومت پر زور یا کہ وہ شام کے زیرتسلط علاقے وادی گولان کوحاصل کرنے کے اور اسرائیلی کی طرف سے ہونے والے حملوں کا بھرپور مقابلہ کرے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ تہران ہمارا تزویراتی اتحادی ہے اور ہم شامی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

حسن روحانی نے کہا کہ قابض دشمنوں کا مقابلہ ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیل کے قبضےسے آزاد کرانے کے لیے دمشق کےساتھ ہیں۔

قبل ازیں شامی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ایران کے دوران تہران میں اپنے یرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے بھی ملاقات کی۔

خیال رہے کہ شامی وزیر خارجہ فیصل المقداد کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہے جس میں وہ سوموار کے روز تہران پہنچے تھے۔

سنہ 2011ء کو شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں ایران نے اسد رجیم کے لیے ایک تزویراتی اتحادی کا کردار ادا کیا اور اس جنگ میں دمشق کو عسکری، عسکری اور لاجسٹک مدد فراہم کی گئی۔